دنیا کی معروف ٹیک کمپنی گوگل نے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے اور آئی ٹی کے شعبے میں نوجوانوںکو تربیت دینے کے حوالے سے حکومت سے تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔گوگل کے ایشیاء پیسیفک ریجن کے صدر جناب اسکاٹ بیومونٹ کی قیادت میں گوگل کے 4 رکنی وفد نے اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ڈیجیٹائز یشن کی جانب گامزن ہے۔
وزیراعظم نے اگلے پانچ سال میں 25 ارب ڈالرز کی برآمدات کے ہدف کو حاصل کرنے کے حکومتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی تربیت، آئی ٹی انفراسٹرکچر کی بہتری ریگولیٹری نظام کی بہتری کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کرنے کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے معیشت کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے گوگل جیسی بڑی آئی ٹی کمپنی کے تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔
وفد کے سربراہ اسکاٹ بیومونٹ نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا معاشی بہتری کے لیے استعمال ، نوجوانوں کی بڑی آبادی اور تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت کا گوگل جیسی ٹیک کمپنی کے لیے اہم عوامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2026 تک گوگل پاکستان میں 5 لاکھ کروم بکس تیار کرے گا۔