کراچی:دنیا بھر میں چوری کی واردات میں لوگ اپنے مہنگے موبائل فونز سے محروم ہوجاتے ہیں، ایسے میں گوگل نے ایک دلچسپ فیچر متعارف کرکے موبائل فون چوری ہونے کاراستہ بڑی حد تک روک دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گوگل نے اپنے صارفین کیلئے تھیف ڈیٹیکشن لاک نامی فیچر متعارف کرایا ہے جو اب آپ کے مہنگے موبائل فونز کا چوروں سے تحفظ کرے گا۔رپورٹ کے مطابق گوگل کی جانب سے تھیف ڈیٹیکشن لاک نامی فیچر کا اعلان کیا گیا ہے، تھیف ڈیٹیکشن لاک نامی فیچر میں چوری کا پتہ لگانے والا لاک، آف لائن ڈیوائس لاک، اور ڈیوائس کو دور سے لاک کرنے کی صلاحیت شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق تھیف ڈیٹیکشن لاک میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی الگورتھمز کو استعمال کیا گیا ہے، اگر کوئی آپ کے ہاتھ سے موبائل فون چوری کرلیتا ہے تو یہ فیچر ایکٹیو ہو جائے گا اور آپ کے موبائل کو لاک کردے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس کے علاوہ موبائل فون میں موجود ایپس کو بھی کوئی چور نہیں کھول سکے گا، یہ فیچر بتدریج اینڈرائیڈ 10 یا بعد کے آپریٹنگ سسٹمز پر کام کرنے والے اسمارٹ فونز کے لیے متعارف کرایا جارہا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فی الحال یہ فیچر برازیل میں بیٹا صارفین کو دستیاب ہوگا جو بعد ازاں دیگر ممالک تک بھی دستیاب ہوگا۔