کراچی:سندھ کے محکمہ تعلیم میں انوکھی واردات سامنے آئی ہے ۔محکمہ تعلیم سندھ میں 6 ہزار 342 گھوسٹ اساتذہ کا انکشاف ہوا، جس کے بعد اساتذہ کیخلاف کارروائی کے لئے سمری وزیر تعلیم کو بھجوادی گئی ہے
۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی مانیٹرنگ نے سیکرٹری تعلیم سندھ کو گھوسٹ اساتذہ کے حوالے سے سمری بھجوادی ہے۔سمری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اساتذہ گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کررہے ہیں جبکہ ریٹائرڈملازمین بھی تنخواہیں اور مراعات لے رہے ہیں۔سمری میں سفارش کی گئی کہ تمام اساتذہ کی آئی ڈیز اور تنخواہیں بند کی جائیں اور گھوسٹ اساتذہ کے خلاف کارروائی کی جائے،سمری سیکرٹری تعلیم نے سمری منظوری کے لیے وزیر تعلیم کو بھجوادی ہے۔
یاد رہے چندروز قبل مستقل غیر حاضر اساتذہ میں سے متعدد کے بیرون ملک جانے کا انکشاف ہوا تھا ، جس کے بعد سندھ کے محکمہ تعلیم نے طویل عرصے سے غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا تھا۔محکمہ تعلیم نے بتایا تھا کہ قواعد کےخلاف بیرون ملک جانے والے اساتذہ کا ایف آئی اے سے ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔