غزہ میں اسرائیلی وحشت و بربریت عیدالفطر پر بھی جاری، اسماعیل ہنیہ کے تین بیٹوں اور پوتوں سمیت مزید 125 فلسطینی شہید ہوگئے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف اسپتالوں میں 125 شہدا کے جسد خاکی لائے گئے ہیں۔
سربراہ حماس اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ ان کے بیٹے حازم، عامر اور محمد شمالی غزہ میں واقع پناہ گزین کیمپ میں اپنے عزیز و اقارب سے عید مل رہے تھے جب انہیں نشانہ بنایا گیا۔
اسماعیل ہنیہ نے بتایا کہ تین بیٹوں کے ساتھ ان کے پوتے بھی بمباری کی زد میں آکر شہید ہوئے ہیں، مگر میرے بچوں کا خون فلسطینی عوام کے بچوں کے خون سے زیادہ قیمتی نہیں۔
سربراہ حماس نے کہا کہ ان کے خاندان پر حملہ اسرائیل کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نےاس عزم کا اظہار کیا کہ اہل خانہ کو نشانہ بنائے جانے کے باوجود فلسطینی لیڈر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔