لیپ ٹاپ کی بیٹری پھٹنے سے آتشزدگی، بہن بھائی جاں بحق

فیصل آباد:فیصل آباد میں گھر میں آگ لگنے کے باعث 2 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ 7 افراد زخمی بھی ہوئے۔ریسکیو حکام کے مطابق ستیانہ روڈ پر محلہ شریف پورہ کے ایک گھر میں آگ لگنے کے باعث 9 افراد جھلس گئے جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 2 بہن بھائی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

ریسکیو حکام کا بتانا ہے کہ زخمیوں میں 5 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق گھر میں آگ چارجنگ پر لگے لیپ ٹاپ کی بیٹری پھٹنے سے لگی، آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق آگ لگنے کے واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیصل آباد میں جھلسنے سے بچوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو علاج و معالجے کی بہترین طبی سہولیات دینے کا حکم دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں