پیرس :اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی خیر سگالی سفیر اور ہالی وڈ اداکارہ کیٹ بلانشیٹ نے کانز فلم فیسٹیول 2024 میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی ہے۔فرانس میں ہونے والے کانز فلم فیسٹیول میں دنیا بھر سے آئے فنکاروں نے اپنے جلوے بکھیرے۔
فلم نگری سے تعلق رکھنے والے اداکاروں نے ایک سے بڑھ کر ایک لباس زیب تن کیا لیکن ہالی وڈ اداکارہ کیٹ بلانشیٹ نے اپنی تقریب کی یہ شام معصوم فلسطینیوں کے نام کی۔ریڈ کارپٹ پر ہالی وڈ اداکارہ کیٹ بلانشیٹ نے سلک کا سیاہ لباس پہنا ہوا تھا، اداکارہ کے لباس کا اندرونی کپڑے کا رنگ فلسطین کے جھنڈے کی طرح شوخ ہرا تھا۔
ریڈ کارپٹ پر دوران تصاویر اداکارہ نے اپنے لباس کو اٹھا کر ہرا رنگ دکھانے کی بھرپور کوشش کی جو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوگئی۔ اداکارہ کے اس لباس پر خیال کیا جارہا ہے کہ اداکارہ نے اسرائیل کے ہاتھوں نسل کشی کے شکار معصوم اور نہتے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی ہے۔
اداکارہ کی کانز فلم فیسٹیول کے اس لباس کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہورہی ہے، جہاں صارفین کی جانب سے اداکارہ کو سراہا جارہا ہے۔