لندن :برطانیہ میں حالیہ دنوں میں فسادات پھیلانے والے انتہائی دائیں بازو کے گروپوں ،نسل پرستی اور اسلاموفوبیا کے خلاف ہزاروں افراد نے لندن اور دیگر شہروں کی سڑکوں پر ریلیاں نکالیں اور مظاہرے کیئے ہیں۔
ڈی ڈبلیو کے مطابق اس موقع پر برطانوی دارالحکومت لندن میں ہزاروں پولیس افسران کو تعینات کیا گیا۔لندن میں حسب ضرورت 1,300 کے قریب خصوصی سکیورٹی اہلکار اسٹینڈ بائی پر رکھے گیے ہیں۔برمنگھم، شیفیلڈ، لیورپول اور برسٹل سمیت دیگر شہروں میں بھی بڑے اور پرامن احتجاج ہوئے۔نسل پرستی مخالف مظاہرین نے بدھ کی شام تک تارکین وطن، پناہ گزینوں اور پناہ کے متلاشیوں کا خیرمقدم کرنے والے پیغامات سے سڑکیں بھر دیں۔
لوگوں نے ڈھول بجا کر لندن میں “مہاجرین کو خوش آمدید” اور “نسل پرستی کے خلاف لندن” کے نعرے لگائے۔مشرقی لندن کے علاقے والتھمسٹو میں ایک امیگریشن سنٹر کے باہر بھی ایک بڑا اجتماع ہوا،کچھ لوگوں نے تختیاں اٹھا رکھی تھیں جن پر”دائیں بازو کو روکو،” “ہجرت کوئی جرم نہیں ہے” اور ” فاشزم نامنظور “لکھا ہوا تھا۔
گزشتہ ہفتے ایک مظاہرے کے دوران مظاہرین کے ساتھ افسران کی جھڑپوں کے بعد خاص طور پر لندن میں کشیدگی بہت زیادہ پائی جا رہی ہے۔ اس ہنگامہ آرائی کی وجہ سے دوسو سے زیادہ گرفتاریاں ہوئیں۔رپورٹ کے مطابق لیورپول، برسٹل اور شمالی آئرلینڈ کے دارالحکومت بیلفاسٹ میں بدامنی کے بعد برطانیہ کے دیگر مقامات پر مزید سینکڑوں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔