لندن : برطانیہ،جاپان اور اٹلی کے وزرائے دفاع نے مصنوعی ذہانت والے جدید ترین لڑاکا طیارے کو مشترکہ طور پر تیار کرنے اور 2035 میں مکمل تیاری کی حالت میں لانے کا اعلان کردیا۔ جاپانی وزیر دفاع کی ہارا می نورو، برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی اور اطالوی وزیر دفاع گوائیدو کروزیٹو نے لندن میں ملاقات کی۔
اس معاملے پر سہ فریقی مذاکرات گزشتہ سال دسمبر میں کیے گئے تھے، لیکن رواں ماہ برطانیہ میں حکومت میں تبدیلی کے باعث مذاکرات میں نئے برطانوی وزیر خاجہ جان ہیلی پہلی بار حصہ لے رہے ہیں۔ جاپانی وزیردفاع کی ہارا نے قانون کی حکمرانی اور مشترکہ اقدار کو مضبوط کرنے اوردفاعی شراکت داری کو گہرا کرنے کے لیے مشترکہ منصوبے کو کامیاب بنانے کی امید ظاہر کی۔
تینوں وزرا نے اس منصوبے میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے رواں سال کے آخر تک گلوبل کامبیٹ ائر پروگرام کے نام سے تنظیم کے قیام کے لیے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔واضح رہے کہ ہندبحرالکاہل میں چین کے بڑھتے اثر رسوخ کے تناظر میں جاپان کو یورپی ممالک کے قریب کردیا ہے اور ٹوکیو حکومت یورپی ممالک کے ساتھ دفاعی معاہدے کرنے کے لیے کوشاں ہے۔