ماہانہ 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے قیمت بڑھانے کا فیصلہ واپس لینے کی تجویز

اسلام آباد :وفاقی حکومت نے ماہانہ 200 یونٹ تک صارفین کیلئے بجلی کی قیمت بڑھانے کا فیصلہ واپس لینے کی تجویز دے دی۔ذرائع کے مطابق ماہانہ 200 یونٹ کے پروٹیکیڈ، نان پروٹیکیڈ صارفین کیلئے ٹیرف میں اضافہ واپس لینے کی تجویز ہے اور وزیراعظم نے ہنگامی بنیادوں پر سمری کی وفاقی کابینہ سے منظوری لینے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ جولائی تاستمبر 2024 کیلئے ماہانہ 200 یونٹ تک والے صارفین کوریلیف دینے کی تجویز دی گئی ہے، وفاقی حکومت ٹیرف پرریلیف دینے کیلئے تقریباً 50 ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے کرنے کی تجویز ہے جبکہ ماہانہ50 یونٹ تک لائف لائن صارفین کیلئے فی یونٹ ٹیرف 3.95 روپے برقرار رہے گا اور ماہانہ51 سے 100 یونٹ تک لائف لائن صارفین کیلئے فی یونٹ ٹیرف7.74 روپے برقرار رہے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیپرا میں بجلی کے یکساں ٹیرف مقرر کرنے کی سماعت بھی اسی کے باعث موخر کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں