عافیہ کوجیل میں الیکٹرک شاک کی سزا دی جا رہی ہے، ڈ،اکٹر فوزیہ صدیقی

کراچی:گلوبل عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن اور قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اپنی بہن سے امریکی جیل ایف ایم سی کارسویل میں 2 ملاقاتوں کے بعد گزشتہ روز کراچی واپس پہنچ گئیں۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ اس مرتبہ بھی ملاقات کے دوران شیشہ کی موٹی دیوار حائل تھی اسلئے چھوٹی بہن کے سر پر دست شفقت رکھنے اور اسے گلے لگانے کی خواہش دل میں ہی رہ گئی۔

انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ شیشے کو اچھی طرح سے صاف کیا گیا تھا اس لیے میں عافیہ کو اچھی طرح سے دیکھ سکی۔ اس کی صحت پہلے سے زیادہ خراب تھی۔ انہوں نے کہا کہ عافیہ کو الیکٹرک شاک کی سزا دی جا رہی ہے اور اسے جب ملاقاتی کمرے میں لایا گیا تو پہلے اسے بائبل کی تلاوت پر مجبور کیا گیا۔

کراچی ایئرپورٹ پر پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور، مرکزی رہنما عرفان سید، پاسبان کراچی کے رہنما سردار ذوالفقار، سجاول مروت، نرگس خان، جے یو آئی ف ملیر کے ترجمان شیرو بنگش، مزدور رہنما عارف خان روہیلہ، سماجی رہنما احسان خان اور ڈاکٹر عافیہ کے سپورٹرز نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا پرتپاک استقبال کیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ ہم اس دن کے منتظر ہیں جب ڈاکٹر عافیہ کا بھی کراچی ایئرپورٹ پر اسی طرح استقبال کرنے آئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں