سی ٹی ڈی نے مبینہ بھاری رشوت کے عیوض شہری کے قتل میں ملوث 5 رکنی ڈکیت گروہ کے سرغنہ کو رہا کردیا۔
اسٹریٹ کرمنل صمد موچکو تھانے میں شہری کی ہلاکت میں ملوث بتایا گیا۔
ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی نے گزشتہ ہفتے چھاپے میں موچکو سے اسٹریٹ کرائم کے دوران سبحان کو قتل کرنے والے ڈکیت صمد کو گرفتار کیا، جس کی نشاندہی پر ڈکیت گروہ کے ایک اور ملزم الطاف کو بھی دھرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سول لائن میں تعینات سی ٹی ڈی افسران نے مبینہ ملی بھگت سے ڈکیت گروہ کے سرغنہ ملزم صمد کو رہا کردیا جبکہ ملزم الطاف کی گرفتاری ظاہر کردی اور ملزم کو سی آئی اے کراچی کے حوالے کردیا گیا، اسٹریٹ کرائم واردات کا مقدمہ 291/23 موچکو تھانے میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق مقتول سبحان اوچ پلانٹ نبی داد گوٹھ سے سلینڈر لوڈ کرکے واپس سلطان آباد جارہا تھا کہ اس دوران 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 مسلح ملزمان نے سبحان کو لوٹنے کی کوشش کی، مزاحمت پر ملزمان نے سبحان کو گولیاں مارکر شدید زخمی کردیا۔سبحان نجی اسپتال میں زیر علاج رہا اور دم توڑ گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ملزم صمد کے ڈکیت گروہ میں زیر حراست الطاف، عابد علی، راشد علی، گل شیر اور منور شامل ہیں، گل شیر اسٹریٹ کرمنل گروپ کو مخبری کرتا ہے اور اس کےبعد یہ لڑکے 2 موٹر سائیکلوں پر اسٹریٹ کرائم کی واردات سر انجام دیتے ہیں۔