کراچی میں تحریک انصاف کی انتخابی ریلی پر ساوتھ پولیس کا کریک ڈاون، پولیس نے ریلی کو تین تلوار کلفٹن جانے سے روکنے کی کوشش کی تو کارکنان مشتعل ہوگئے۔
ریلی کو راستہ نہ دینے پر کارکنان نے پتھراو کیا، جس سے کئی اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور شیلنگ کی، جس سے کئی خواتین اور بچے بھی زخمی ہوئے، علاقہ میدان جنگ بن گیا۔
ساوتھ پولیس نے درجنوں کارکنان کو حاست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
اس کے علاوہ لاہور، پشاور سمیت ملک بھر میں تحریک انصاف کی انتخابی ریلیوں پر کریک ڈاون کیا گیا، پولیس نے درجنوں کارکنان دھرلئے۔
بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر کارکنوں نے ملک بھر میں انتخابی ریلیاں نکالیں تاہم پولیس نے ہر جگہ رکاوٹیں کھڑی کیں اور کارکنان پر دھاوا بول دیا۔
راولپنڈی کے علاقے جاتلی میں پولیس نے ریلی نکالنے پر تحریک انصاف کے 10 کارکنوں کو دھرلیا۔
پشاور میں پولیس نے ریلی کو رنگ روڈ پر روک دیا، پولیس نے کئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
لاہور میں علامہ اقبال روڈ عمران خان کے نعروں سے گونج اٹھا۔ این اے 119 میں امیدوار میاں شہزاد فاروق کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، جس میں مردوں اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔