فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء کا کہنا ہےکہ ملک کے وسیع تر مفاد میں 9 مئی کے منصوبہ سازوں، مجرموں، حوصلہ افزائی کرنے والوں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 83 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں شہداء کے ایصال و ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
فورم نے مسلح افواج کے افسران و جوانوں اور پاکستانی شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
فورم کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے مجرمان کے خلاف فوری اور شفاف عدالتی اور قانونی کارروائی کے بغیر ملک ایسے سازشی عناصر کے ہاتھوں ہمیشہ یرغمال رہے گا۔
فورم نے غزہ پٹی کے اندر رفح آپریشن اور دیگر تمام آپریشنز کو روکنے کے لیے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی حمایت کی۔
شرکاء کانفرنس نے کہا کہ افواج پاکستان کے خلاف جاری شدہ ڈیجیٹل دہشت گردی، مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے بیرونی سہولت کاروں کی مدد کے ساتھ کی جارہی ہے، قوم پوری طرح باخبر ہے اور اِن ناپاک قوتوں کے مذموم ارادوں کو مکمل اور یقینی شکست دی جائے گی۔
آرمی چیف نے مختلف مشقوں کے دوران فارمیشنز کی اعلیٰ و معیاری تربیت اور انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں میں افسران اور جوانوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ آرمی چیف نے فارمیشنز کے بلند حوصلے اور ہمہ وقت آپریشنل تیاریوں کو بھی سراہا۔