وفاق سابقہ فاٹا کے 400 ارب روپے دے ،وزیراعلیٰ کے پی

پشاور:صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ وفاق سابقہ فاٹا کے 400 ارب روپے نہ فراہم کرے بصورت دیگر وفاق ردعمل کے لیے تیار رہے۔خیبر پختونخوا اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے علی امین کا کہنا تھاکہ قبائلی عوام ابھی تک قربانی دے رہے ہیں، سابقہ فاٹا کے لوگ ہم سے گلہ کرتے ہیں، کیا ان کو جواب نہیں دینا؟ لوگ سوال کرتے ہیں، میں کیا کہوں کہ پیسے کون کھا رہا ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ فاٹا کواب تک 500 ارب میں سے 100 ارب روپے ملے، فوری طور پرپیسے نہ ملے تو ردعمل کیلئے وفاق تیار رہے، امن و امان کیسے بحال ہوگا؟ انسداد دہشت گردی کیلئے مختص رقم میں سے ایک پیسا نہیں دیا، پیسے نہیں دیں گے تو امن و امان کیسے قائم ہوگا؟۔ان کا کہنا تھاکہ منشیات ایک لعنت ہے، بجٹ اجلاس کے بعد قانون سازی کریں گے اورنوجوان نسل تباہ کرنے والے منشیات فروشوں کو سزائے موت دیں گے، عوام منشیات کے خلاف ہمارا ساتھ دے۔

عمران خان کی سائفر کیس میں بریت پر علی امین گنڈاپور نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی جعلی کیسز میں جیل کاٹ رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو اتنا عرصہ جیل میں رکھا اس کا جواب کون دے گا؟ جس نے بے بنیاد کیس بنایا اس سے حساب لیں گے اور وہ حساب کے لیے تیار رہیں۔علی امین نے خیبرپختونخوا کے عوام کو 15 ارب روپے کے آسان قرضے دینے، ایک لاکھ لوگوں کو روزگار مہیا کرنے اور لوڈشیڈنگ سے بچنے کیلئے صوبے میں سولرائزیشن کو فروغ دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ حکومت سے جن لوگوں کو فیول ملتا ہے وہ 20 فیصد کم کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں