کراچی :وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اسٹیل مل کی بحالی کیلئے روس سے مدد مانگ لی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور روسی سفیر البرٹ خوریف کے درمیان وزیراعلیٰ ہاو¿س کراچی میں ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ اسٹیل ملز 1974 میں وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے روسی حکومت کے تعاون سے قائم کی تھی، پاکستان پیپلزپارٹی اسٹیل مل کی بحالی کا مضبوط ارادہ رکھتی ہے۔ روسی سفیر کا کہنا تھا کہ مجوزہ آن لائن اجلاس میں منصوبے کے تکنیکی معاملات پر بات کی جائے گی۔ اجلاس میں سندھ کے محکمہ صنعت کے نمائندے بھی شریک ہوں گے اور اجلاس کے بعد روسی وفد مزید جائزہ کیلئے اسٹیل مل کا دورہ بھی کرے گا۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور سفیر خوریف نے اتفاق کیا کہ موجودہ ناکارہ مشینری کی جگہ جدید پلانٹ لگایا جائے گا تاکہ ورکرز کی نوکریاں بچ جائیں۔ سفیر نے کراچی کے ٹرانسپورٹ کے شعبے خاص طور پر الیکٹرک بسوں پر سرمایہ کاری میں روسی کمپنیوں کی دلچسپی ظاہر کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سیکرٹری رحیم شیخ کو ہدایت کی کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے ساتھ اس سلسلے میں ضروری رابطے یقینی بنائیں۔
سفیر خوریف نے سندھ کے مختلف شہروں میں آرٹ، موسیقی اور زبان کے فروغ کےلیے کلچرل سینٹرز کے قیام کی خواہش کا بھی اظہار کیا تاکہ روس اور پاکستان کے درمیان ثقافتی روابط کو مضبوط کیا جاسکے۔