نئی دہلی: چاند کے قطب جنوبی پر اترنے والے بھارت کا چندریان 3 مشن لگ بھگ ختم ہوچکا ہے کیونکہ سائنسدان اس کے لینڈر اور روور کو دوبارہ اٹھانے میں اب تک کامیاب نہیں ہو سکے۔
تفصیلات کےمطابق چندریان 3 مشن اگست کے آخری عشرے میں چاند کے قطب جنوبی میں اترا تھا۔ مشن کی کامیابی کے بعد بھارت چاند پر سافٹ لینڈنگ کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک جب کہ چاند کے قطب جنوبی پر پہنچنے والا پہلا ملک بن گیا تھا۔ مگر ستمبر کے آغاز پر وکرم لینڈر اور پرگیان روور کو سلیپ موڈ پر منتقل کر دیا گیا تھا تاکہ ان کے برقی آلات کو چاند کی رات کے دوران نقصان نہ پہنچے۔
انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے سائنسدانوں نے توقع ظاہر کی تھی کہ چاند پر رات کے اختتام کے بعد لینڈر اور روور کو دوبارہ متحرک کیا جا سکے گا۔یہ دونوں ہی سولر پاور سے کام کرتے ہیں، اس لیے سائنسدانوں کو توقع تھی کہ سورج کی روشنی سے ان کی بیٹریاں پھر چارج ہو جائیں گی۔ مگر اسرو کے سائنسدان اب تک لینڈر اور روور سے رابطہ نہیں کر سکے۔