اسلام آباد: وفاقی ترقیاتی ادارہ سی ڈی اے کے ملازمین کی لیبر یونین اورسیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور ڈائریکٹر سیکیورٹی کو ملازمین کی حاضری سے متعلق سخت نگرانی کا حکم دیا گیا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن نے مراسلہ جاری کردیا۔مراسلے میں احکامات کی عدم تعمیل پر متعلقہ ڈائریکٹر ڈپٹی ڈائریکٹر اور ہیڈز کے خلاف سخت کاروائی کیلئے متنبہ کیا گیا ہے۔
مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ کسی ملازم کو دفتری اوقات میں سیاسی ریلی،جلسہ یا سینمار میں شرکت کی اجازت نہیں۔ریلیاں،جلسہ،سیمینار میں شرکت کی وجہ سے اکثر ملازمین کی دفاتر میں عدم حاضری ہوتی ہے۔ملازمین کی سیاسی سرگرمیوں سے ادارے کے روز مرہ امور بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔مراسلہ کے مطابق اعلی حکام میں ان معاملات پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔مراسلے میںکہا گیا ہے کہ تمام ڈائریکٹر جنرلز اور ڈپٹی ڈائریکٹر اور متعلقہ ہیڈز ملازمین کی حاضری یقینی بنائیں۔