اسلام آباد:وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوامی سہولیات سیاسی بنیادوں پر ختم کرنے پر یقین نہیں رکھتی، ہیلتھ کارڈ کے شعبے میں بعض بی قاعدگیاں سامنے آئیں،جنہیں ا سٹیٹ لائف کے ساتھ مل کر دور کیا جارہا ہے، توقع ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے ہسپتالوں میں ہیلتھ کارڈ بحال ہو جائے گا۔ قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ڈاکٹر مہرین نواز بھٹو کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر جام کمال نے کہاکہ ادویات کی قیمتوں بارے پالیسی کی تیاری کا عمل جاری ہے جیسے ہی پالیسی تیار ہو گی ایوان کو اس سے آگاہ کیاجائے گا،کراچی کی ایک کمپنی جلد ہی کینسر کی دوائی کی تیاری شروع کردے گی۔
عبدالقادر پٹیل نے کہا میں جب وزیر تھا تو ہم نے ادویات کی قیمتوں میں کمی کی۔ جو دوائی 14 ہزار روپے کی تھی اس کی رقم 6 ہزار تک آگئی تھی۔ ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر جام کمال نے کہا کہ ٹیکسوں میں اضافہ کی وجہ سے ادویات کی قیمتوں میں اثرات مرتب ہوئے۔ کینسر کی ادویات کی تیاری کے لئے ادویہ ساز کمپنیوں نے کام شروع کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم کی سابق حکومت نے کینسر کی ادویات کے حوالے سے اقدامات اٹھائے گئے جو قابل تحسین ہیں۔
اس معاملے پر وزارت منصوبہ بندی کمیشن کے ساتھ بھی اٹھایا۔ڈاکٹر نفیسہ شاہ کے ڈرگ پرائسنگ پالیسی کے حوالے سے ضمنی سوال کے جواب میں وفاقی وزیر جام کمال نے کہا کہ اس شعبہ میں ہمیں دیگر چیلنجز کے ساتھ ساتھ ادویات کی جنریشن کے مسائل بھی ہیں۔کینسر کی دوائی واقعی بہت مہنگی ہے۔ حکومت نے اس حوالے سے ایک پرائسنگ بورڈ تشکیل دیا ہے جو ان تمام امور پر کام کرے گا۔