پیشی کیلئے جیل آئی تو بنی گالہ میں میرے شہد میں کچھ ملایا گیا تھا، بشریٰ بی بی

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کہا ہےکہ شوہر کو کچھ ہوا تو ذمے دار اسٹیبلشمنٹ ہوگی۔

ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ سماعت پر اڈیالہ جیل پیشی کیلئے آئی تو بنی گالہ میں میرے شہد میں کچھ ملایا گیا تھا، میں شہد استعمال کرتی ہوں، واپس جاکر شہد کھایا تو طبیعت بگڑ گئی۔

بشریٰ بی بی نے کہا کہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، عمران خان ذہنی اور جسمانی طور پر مکمل فٹ ہیں، وہ عوام کی آواز اور ملک اور قوم کی خاطر جیل میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کچھ ہوا تو عوام ان کو معاف نہیں کریں گے، بے ضمیر لوگوں سے نہیں با ضمیر لوگوں سے مخاطب ہوں، بانیٔ پی ٹی آئی نے اقتدار اور اقتدار کے بعد کبھی کسی کو نہ نقصان پہنچایا اور نہ کسی کو مارنے کا کہا۔

بشریٰ بی بی نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے خمیر میں بدلہ لینا نہیں ہے، یہ لوگ کچھ بھی کر لیں یہ عوام میں جانے کے قابل نہیں رہیں گے، حالات بہتری کی جانب نہیں جا رہے، اگر حالات ٹھیک ہوتے تو رانا ثناء اللہ کی جانب سے ایسا بیان نہ دیا جاتا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ چیزوں کو بہتری کی طرف جانا چاہیے تھا مگر جا نہیں رہیں، بانیٔ پی ٹی آئی چاہتے تو وہ بنی گالہ میں آرام کی زندگی گزار رہے ہوتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں