پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم، بلاول کی صحرائے تھر میں گھن گرج

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ الیکشن کے نتائج پہلے سے کمرے میں بیٹھ کر تیار کرنے والی پاکستان مہنگائی لیگ کو عوام 8 فروری کو شکست کی صورت میں جواب دیں گے۔

مٹھی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کچھ قوتیں تقسیم کی سیاست چاہتی ہیں، ہم ان قوتوں کے خلاف جدوجہد کرر ہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں عوامی حکومت بنے گی، ہم اشرافیہ کو نہیں، عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کریں گے۔ حکومت میں آنے کے بعد ہاری کارڈ، بیرو زگاری کارڈ بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مودی اور دنیا بھر میں پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے والوں کو جواب دینے کیلئے تھرکے جیالے ہی کافی ہیں۔ انتخابی شیڈول کا اعلان نہیں ہوا مگر جس جوش و جذبے سے عوام نے جلسے میں شرکت کی، اس سے تھرپارکر کا فیصلہ ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کارکردگی تھرپارکر کے ترقیاتی کام ہیں، تھرکول بلاک ٹو کا منصوبہ شروع ہونے سے معیشت بدلی ،20ہزار نوجوانوں کو روزگارملا۔ ہمارا کوئی سیاسی مخالف نہیں، میری مخالف بے روزگاری، مہنگائی اور غربت ہے، ان ساری چیزوں سے لڑیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کمروں میں بیٹھ کر ابھی سے الیکشن کے نتائج اور منصوبے بنانے والوں کو الیکشن میں جواب دیں گے عوام نے فیصلہ ہمارے حق میں سنایا تو خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں