everyone

پاکستان لندن سے نہیں چل سکتا، ہرکسی کویہاں آکر جواب دینا ہوگا، بلاول بھٹو

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان لندن سے نہیں چل سکتا، ہر کسی کو یہاں موجود رہ کر جواب دینا ہوگا۔

سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطین کے ساتھ ہیں۔ جب تک پاکستان ہے، فلسطین کے عوام کبھی تنہا نہیں ہو سکتے۔یہ باتیں‌انہو‌ں نے بلاول ہاؤس کے باہر سانحہ کارساز کی تقریب سے سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ 18 اکتوبر ہی کا دن تھا، جب پاکستانی عوام نے دنیا کو ایک پرجوش استقبال کرکے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے جیالے پارٹی کے نظریاتی کارکن ہیں۔ انہوں نے کوڑے بھی کھائے ہیں اور جیلوں کے ساتھ ساتھ شہادتوں کو بھی قبول کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو پاکستان کی پہلی وزیراعظم تھیں جنہوں نے فلسطین اور غزہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے دنیا کو دکھایا کہ پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم فلسطین کے ساتھ کھڑی ہے۔سابق فلسطینی وزیراعظم یاسر عرفات بھی بے نظیر بھٹو کی دعوت پر گڑھی خدا بخش بھٹو آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے معاملے پر پورا ملک ایک پیج پر ہے۔ اب تیرا یا میرا نہیں بلکہ سب کا پاکستان کے نعرے کے تحت ملک کو چلانا ہوگا۔

سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کا جنازہ نکل چکا ہے۔ اب آگے بڑھنے کا وقت ہے، انتخابات کروا کر پارلیمنٹ کو جگہ دینی ہوگی اور تقسیم کے بجائے خدمت کی سیاست کرنی پڑے گی۔ انا کی سیاست کو دفن کرنے کا وقت آ چکا ہے۔ ہمیں عوام پر بھروسا کرتے ہوئے انہیں حق فراہم کرنا ہوگا کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں