چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کے ساتھ 70 سال سے کھیل کھیلا جارہا، ہمیں فل اسٹاپ لگانا پڑے گا۔
ایبٹ آباد میں ورکرز کنونش سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہماری جدوجہد، سیاسی سفر ابھی رہتا ہے، ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بےنظیر کے نامکمل مشن کو پورا کرنا چاہ رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آج مہنگائی، غربت، بیروزگاری تاریخی سطح پر ہے۔ سیاستدان، بیوروکریسی کو زمینی حقائق کا کچھ معلوم نہیں، انہیں عوام کی مشکل کا احساس نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو دوسری بار یا چوتھی بار وزیراعظم بنانے کے بجائے جس کو موقع نہیں ملا اسے موقع دیں۔
انکا کہنا تھا کہ ہمیں پرانے سیاستدانوں کو گھر بٹھانا ہوگا کہ آپ ذرا آرام کریں۔ آپس کی دشمنیاں ایسی ہی چلنی ہیں تو عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آپ موقع دیتے ہو تو کبھی مایوس نہیں کروں گا۔ آپ کی دن رات خدمت کروں گا۔