وہ نہیں کہ مخالفین سے کاغذات نامزدگی چھینیں، الیکشن سے بھاگیں، بلاول بھٹو زرداری

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ اب بھی کچھ لوگ کچھ دوسروں کے کاندھوں پر سیاست کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

لاڑکانہ میں مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو کی 16 ویں برسی پر جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 16 سال پہلے کچھ قوتوں نے سوچا تھا بینظیر بھٹو کو شہید کرکے پیپلز پارٹی کو ختم کردیں گے لیکن پیپلز پارٹی پہلے سے بھی زیادہ مضبوط ہوگئی۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہم ان میں سے نہیں کہ مخالفین کے کاغذات نامزدگی چھینیں، الیکشن سے بھاگیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وقت آگیا کہ عوامی راج قائم کرنے کیلئے وفاق میں پیپلز پارٹی کی حکومت بنائیں، تین نسلوں سے بیروز گاری اور غربت کا مقابلہ کررہے ہیں۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ الیکشن سے ڈرتے نہیں، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، میڈیا پر چلنے والے ڈرامے کا جواب عوام 8 فروری کو تیر پر مہر لگاکر دیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ عوام نے موقع دیا تو 5 سال میں ملازمین کی تنخواہیں دوگنی، غریب کو 300 یونٹ تک کا سولر یونٹ، گرین انرجی پارکس، کم قیمت پر بجلی، تعلیمی اداروں کی بحالی، صحت کا مفت نظام، سیلاب متاثرین کو 20 لاکھ گھر بناکر دوں گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لیڈرز اور کارکنان الیکشن کی تیاری پکڑ لیں، دما دم مست قلندر ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں