راولپنڈی:پاکستان کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں پہلی بار ٹیسٹ سیریز میں شکست ہو گئی۔ بنگال ٹائیگرز نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی پاکستانی ٹیم کو کھیل کے تمام شعبوں میں ناک آوٹ کرتے ہوئے 6 وکٹوں سے فتح سمیٹ کر دو میچوں کی سیریز میں تاریخی وائٹ واش کر دیا۔
ٹیسٹ کے آخری روز مہمان ٹیم نے 185 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ذاکر حسن 40 ، نجم الحسین شانتو 38 اور مومن الحق 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اس تاریخی فتح میں لتن داس نے کلیدی کردار ادا کیا۔ پہلی اننگز میں انہوں نے 26 پر 6 وکٹیں گر جانے کے بعد ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور 138 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔ پاکستانی ٹیم تمام تر دعووں کے باوجود کھیل کے تینوں شعبوں میں ناکام رہی۔ کپتان شان مسعود ، نائب کپتان سعود شکیل ، محمد رضوان ، عبداللہ شفیق ، بابر اعظم ، ابرار احمد ، محمد علی توقعات پر پورا نہ اتر سکے۔ لتن داس کو مرد میدان قرار دیا گیا جبکہ مہدی حسن میراز سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
کپتان شان مسعود کاکہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم نے سیرز میں بہت غلطیاں کیں۔کوشش کریں گے کہ آئندہ ایسی غلطیاں نہ ہوں۔ پاکستان کو ہوم گراونڈ پر تاریخ میں دوسری مرتبہ کلین سویپ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سے قبل انگلینڈ نے 2022 میں پاکستان کو 3میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کیا تھا۔