پاکستان کی ترقی ملک دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی، عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد:  وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی ملک دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی۔

عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے تاریخی دورہ چین کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے، ایک نام نہاد لیڈر نے پاکستان کو ہر جگہ رسوا اور تنہائی کا شکار کیا، آج پاکستان کی عزت بن رہی ہے، عالمی سطح پر پاکستان کے اندر سرمایہ کاری اور تجارت کے لئے معاہدے کئے جا رہے ہیں، ان شااللہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی کامیابی حاصل کریں گے اور پاکستان کے دشمنوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے،۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا دورہ چین انتہائی کامیاب رہا، اس تاریخی دورہ میں وہ موضوعات بھی زیر بحث آئے جو پہلے کبھی نہیں آئے تھے۔ چین اور پاکستان کی دوستی ہر دور میں لازوال اور مثالی رہی ہے، اس دورہ سے پاک چین دوستی میں ایک نئی جہت اور نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان 182 ووٹ حاصل کر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بھاری اکثریت سے رکن منتخب ہوا جو بہت بڑی کامیابی ہے، اس کامیابی پر چین کے صدر اور چینی وزیراعظم نے بھی وزیراعظم محمد شہباز شریف کو مبارکباد پیش کی۔

عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی چینی صدر کے ساتھ سوا تین گھنٹے ملاقات جاری رہی، چینی قیادت نے سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کی بات کی، چین پاکستان اقتصادی راہداری ہماری لائف لائن ہے، پاکستان کے اندر معاشی ترقی، معاشی استحکام، انڈسٹرلائزیشن، مہنگائی میں کمی، تجارت کے فروغ کے حوالے سے اس کی بہت اہمیت ہے۔

ان کا کہناتھا کہ دورہ چین کے دوران مین لائن ون کے حوالے سے بھی بات ہوئی، مین لائن ون پر ورکنگ کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے چینی قیادت کے ساتھ ہر اعلی سطحی میٹنگ میں کراچی سرکلر ریلوے کا ذکر کیا، چینی قیادت نے بھی کراچی سرکلر ریلوے کو اچھے پیرائے میں لیا۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں