ارشد شریف قتل کیس داخل دفتر کرنے کا فیصلہ

سینئر صحافی، اینکر پرسن ارشد شریف قتل کیس کی ٹرائل کورٹ میں کارروائی روک دی گئی اور کیس داخل دفتر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ اس سلسلے میں عدالت نے حکم نامہ جاری کردیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا، جس کے مطابق ارشد شریف قتل کیس کی ٹرائل کورٹ میں کارروائی روک دی گئی۔گواہان کی عدم پیشی اور عدم دلچسپی کے باعث کارروائی کی فائل ریکارڈ روم بھیج دی گئی۔

تفصیلی فیصلے کے مطابق 16 مارچ کو ارشد شریف قتل کیس میں عدالت کو پینل کوڈ سیکشن 512 کا چالان موصول ہوا۔ 5 اپریل کو بیانات ریکارڈ کروانے کیلئے گواہان کو طلبی کا نوٹس بھیجا گیا لیکن کوئی پیش نہ ہوا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق گواہان کو بیان ریکارڈ کروانے میں دلچسپی نہیں۔ 15 مرتبہ پراسیکیوشن کو شواہد جمع کروانے کا موقع دیا گیا۔پراسیکیوٹر کے مطابق پرائیویٹ اور سرکاری گواہان بیانات ریکارڈ کروانے عدالت نہیں آرہے۔عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے قتل کیس کی کارروائی روکی جاتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں