ارشد ندیم کو شاندار کارکردگی پر ہلال امتیاز عطاکرنے کا اعلان

اسلام آباد: پیرس المپکس میں پاکستان کے لیے گولڈمیڈل حاصل کرنے والے ارشد ندیم کو شاندار کارکردگی پر ہلال امتیاز عطاکرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

صدر مملکت آصف زرداری نے پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے لیے پہلا انفرادی گولڈ میڈل لانے والے ارشد ندیم کو ہلال امتیاز دینے کی ہدایت کردی۔صدر مملکت ارشد ندیم کو کھیل کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں خصوصی تقریب میں سول ایوارڈ سے نوازیں گے، ارشد ندیم کو سول ایوارڈ کھیل کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا جائے گا۔ ارشد ندیم کو سول ایوارڈ آئین کے آرٹیکل 259 (2) کے تحت عطا کیا جائے گا۔

صدر مملکت کی ہدایت پر ایوانِ صدر نے ارشد ندیم کو سول ایوارڈ عطا کرنے کیلئے کابینہ ڈویژن کو خط ارسال کر دیا ہے، صدرِ مملکت نے کہا کہ ارشد ندیم نے بہترین کارکردگی سے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، ان کی عالمی سطح پر شاندار کامیابی قوم کے لیے فخر کا باعث بنی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پیرس اولمپکس میں پاکستان کے ارشد ندیم نے 92.97 میٹرز دور تھرو پھینک کر جیولن میں نیا اولمپک ریکارڈ بھی قائم کیا، اولمپیئن ارشد ندیم نے پاکستان کے لیے 40 برس بعد اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا، انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے وہ پہلے پاکستانی بن گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں