propaganda

نوجوان نسل ریاستی اداروں کیخلاف پروپیگنڈے کا مقابلہ کرے، آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ نوجوان نسل ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈے کا مقابلہ کرے۔

آرمی چیف سے 25 ویں نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کے شرکا نے جی ایچ کیو کے دورے کے دوران ملاقات کی، جس میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مسلح افواج، پاکستانی سیکورٹی اور خفیہ ادارے دشمن کی مسلسل سازشوں کے باوجود دہشت گردی جیسے ناسور کا نہایت بہادری اور جاں بازی سے مقابلہ کررہے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ دانش وروں اور سول سوسائٹی کو یقینی بنانا چاہیے کہ عوام خصوصاً نوجوان نسل کو ریاستی اداروں سے متعلق معلومات فراہم کریں اور نوجوان نسل کو چاہیے کہ ریاستی اداروں کے خلاف جاری پروپیگنڈے کا مقابلہ کریں۔

آرمی چیف نے کہا کہ ایک ایک پاکستانی کی سلامتی اور تحفظ انتہائی اہم ہے۔ اس پر کسی قسم کا سمجھوتا کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ پاکستانی ایک مضبوط اور نڈر قوم ہے، جس نے ملکی امن و استحکام کے لیے کڑی آزمائشوں کو برداشت کیا ہے۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کے شرکا کو ملک میں غیر قانونی سرگرمیاں روکنے کے لیے کیے گئے اقدامات اور پیش رفت سے متعلق بتایا، جس میں بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن، اسمگلنگ کی روک تھام کے آپریشنز، انسداد منشیات کارروائیاں، سرحدی صورت حال پر اقدامات اور غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی ان کے ممالک میں واپسی شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں