آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہےکہ دہشتگردی کو بیرونی ریاستی سرپرستوں کی پشت پناہی بھی حاصل ہے۔مسلح افواج، انٹیلیجنس ایجنسیز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو کوئٹہ میں مستونگ اور ژوب میں حالیہ دہشتگرد حملوں پر بریفنگ دی گئی۔ سپہ سالار نے کہا کہ 12 ربیع الاوّل کو دہشتگردی کے واقعات خوارج کے مذموم عزائم کو ظاہر کرتے ہیں۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مذہب اور نظریے سے کوئی تعلق نہیں، یہ دہشتگرد اور ان کے سہولت کار پاکستان اور اس کے عوام کے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست اور سیکیورٹی فورسز کو مضبوط قوم کی حمایت حاصل ہے، پاکستانی عوام نے دہشتگردوں کے نظریے اور ان کے پشت پناہوں کے پروپیگنڈے کو مسترد کردیا۔آرمی چیف نے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا، شرکاء نے مستونگ، ہنگو، ژوب کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔