اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کابینہ ارکان کو غیر ضروری بیرون ملک دوروں سے روک دیا جبکہ نگراں کابینہ نے لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج سہیل ناصر کی بطور ڈپٹی چیئرمین نیب اور احتشام قادر شاہ کی بطور نیب پراسیکیوٹر جنرل اکانٹیبلٹی تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔
نگران وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں کابینہ نے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں بالخصوص شہری آبادی پر بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فلسطین کی 1967سے پہلے کی حیثیت کو بحال کیا جائے۔
وفاقی کابینہ نے اسرائیل کی جانب سے غزہ کے گھیرا کے نتیجے میں پیدا ہونے والی گھمبیر صورتحال بالخصوص خوراک اور پانی کی قلت جیسے مسائل پر تشویش کا اظہار کیا۔
کابینہ نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری بمباری روکی جائے اور ناجائز محاصرے کو ختم کر کے متاثرین تک بین الاقوامی امداد کو پہنچنے دیا جائے۔