پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا میں انسداد پولیو مانیٹرنگ ٹیم کے 4 اہل کاروں کو اغوا کرلیا گیا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق خیبر پختون خوا کے ضلع ٹانک میں کڑی عمر خان نامی علاقے میں انسداد پولیو مہم کی مانیٹرنگ ٹیم کو ڈیوٹی کی ادائیگی کے دوران نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا۔
مقامی پولیس نے تھانہ شہید مرید اکبر کی حدود میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیو مہم کے بعد کوالٹی ایشورنس سیمپلنگ کے اہل کاروں کو نامعلوم افراد اغوا کر کے لے گئے۔ مغویوں میں ایک لیڈی ہیلتھ ورکر بھی شامل ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اغوا کیے جانے والے 6 افراد میں سے خاتون اور ڈرائیور کو چھوڑ دیا گیا ہے جب کہ دیگر 4 افراد اغوا کرلیے گئے ہیں، جن کا سراغ لگانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انسداد پولیو مانیٹرنگ ٹیم کڑی عمر خان کے علاقے سے واپسی کی راہ پر تھی جب نامعلوم افراد نے انہیں اغوا کیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پہنچی اور مغویوں کی رہائی کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔