اینٹی نارکوٹکس فورس نے 5 کارروائیوں میں 39 کلو گرام منشیات برآمد کرکے افغان باشندے اور 3 خواتین سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایک ملزم کو خاتون سمیت موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب سے گرفتار کیا گیا، ملزمان کی گاڑی اور خاتون کے پرس سے 5 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔
ایک اور کارروائی میں ملتان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بھکر کی رہائشی 2 خواتین سمیت 4 ملزمان گرفتار کیے گئے، ملزمان کے سفری بیگوں سے مجموعی طور پر 1 کلو 650 گرام آئس برآمد ہوئی۔ ملزمان پرواز نمبر PA-870 کے ذریعے سعودی عرب کے لئے روانہ ہو رہے تھے۔
کوٹ عبدالمالک ٹول پلازہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے افغان باشندے اور پشاور کے رہائشی ملزم کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کی گاڑی سے 1 کلو 30 گرام ہیروئن اور 440 گرام آئس برآمد ہوئی۔ڈی جی خان میں شیخ سرور روڈ پر مسافر بس میں سوار ملزم سے 1 کلو گرام آئس برآمد کی گئی۔
نوکنڈی میں کارروائی کے دوران چھپائی گئی 30 کلو گرام افیون برآمد کی گئی جو کسی اور گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے ذخیرہ کی گئی تھی۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔