اسلام آباد :وزیر قانون و انصاف و پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں منکی پاکس کے کیسز سامنے آنے کے بعد انٹرنیشنل فلائٹس سے آنے والوں کے لئے ملکی ایئرپورٹس پر ا سکریننگ کا نظام فعال کر دیا گیا ہے، ہمارے پاس ٹیسٹ کی سہولت ہے اور کٹس وافر مقدار میں موجود ہیں، پاکستان منکی پاکس سے مکمل محفوظ ہے۔
ایوان بالا کے اجلاس میں وفاقی وزیر قانون، انصاف و پارلیمانی امور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او نے جب منکی پاکس سے متعلق ایمرجنسی نافذ کی تو وزیراعظم نے تمام سٹیک ہولڈرز کے اجلاس کی صدارت کر کے بریفنگ لی۔ ایئرپورٹس پر انٹرنیشنل فلائٹس پر سکریننگ کا نظام فعال کر دیا گیا ہے، اب تک پانچ کیسز سامنے آئے ہیں جو پرانی قسم کے ہیں ان میں سے دو مریضوں کو آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں روزانہ کی بنیاد پر اعداد و شمار جمع کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک متعدی بیماری ہے جو دوسروں تک پھیل سکتی ہے، ہمارے پاس ہمارے پاس ماہر ڈاکٹرز اور وسائل موجود ہیں اور اس وقت ہم منکی پاکس سے محفوظ ہیں۔