ورلڈکپ کا بڑا اپ سیٹ: افغانستان نے انگلینڈ کو چاروں شانے چت کردیا

ورلڈکپ کے 13 ویں میچ میں افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو شکست دے کر ایونٹ کا پہلا بڑا اپ سیٹ کر دیا۔

دہلی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، افغان ٹیم 49 اعشاریہ 5 اوورز میں 284 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم 215 رنز پر ڈھیر ہوگئی، یوں افغانستان نے دفاعی چیمپئن کو میگا ایونٹ میں69 رنز سے شکست دے دی۔

نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ کو افغانستان نے بھی ورلڈ کپ میں شکست دی، جس کے بعد دفاعی چیمپئن کے لیے ایونٹ میں آگے کا سفر مشکل ہوگیا ہے۔

افغانستان کے خلاف انگلش ٹیم کی طرف سے ہیری بروکس 66، ڈیوڈ ملان 32 اور عادل رشید 20 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے دیگر کوئی کھلاڑی خاطر خواہ پرفارمنس نہ دکھا سکا یوں پوری ٹیم 40 اعشاریہ 3 اوورز میں پویلین لوٹ گئی۔افغانستان کے راشد خان اور مجیب الرحمان نے 3،3 جبکہ محمد نبی نے 2 وکٹ حاصل کیں۔

پہلی باری میں افغانستان نے رحمان اللّٰہ گرباز کے 80، اکرم علی خیل کے 58، ابراہیم زادران اور مجیب الرحمان کے 28، 28 اور راشد خان کے 23 رنز کی بدولت 49 اعشاریہ 5 اوورز میں 284 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی طرف سے عادل رشید نے 3، مارک ووڈ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جو روٹ، لیونگ اسٹون،ٹوپلی نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی جبکہ 2 افغان بیٹر رن آؤٹ ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں