رپورٹ: ذیشان خان
آرٹس کونسل کراچی میں 4 روزہ 16 ویں عالمی اردو کانفرنس 2023 کا میلہ سج گیا۔
نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے عالمی اردو کانفرنس کا افتتاح کیا۔
تقریب میں افتخار عارف، زہرا نگاہ، کشور ناہید، پیر زادہ قاسم، منور سعید، مرزا اطہر بیگ، اسد محمد خان، نور الہدیٰ شاہ، قونصل جنرل یو اے ای بخیر عتیق، اعجاز فاروقی، نجیبہ عارف، ثروت محی الدین، اباسین یوسفزئی و دیگر شریک ہوئے۔
نگراں وزیراعلیٰ مقبول باقر نے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی ادب و ثقافت کیلئے خدمات کو سراہا اور انہیں نگراں کابینہ میں شامل کرنے کا اعلان کردیا۔
نگراں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا ادب، تہذیب اور ثقافت کے پرچار میں جن لوگوں نے کردار ادا کیا، وہ ہمیشہ کیلئے امر ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ اعلیٰ ادب کا مطالعہ انسان کو ہمدرد اور نفیس بناتا ہے، آخری مورچہ ادب و فن ہی ہے، عالمی اردو کانفرنس دنیا میں ہماری پہچان بن رہی ہے۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ سولہ برس قبل جب یہ کام شروع کیا تو کئی نامور ادیبوں نے ان کا بہت ساتھ دیا، کانفرنس میں بیرون ملک سے بھی مندوبین کی بڑی تعداد آئی ہے۔
اس موقع پر منتخب کتابوں کے مصنفین کو نگراں وزیراعلیٰ نے انعامات سے نوازا، منتخب کتابوں پر تعارف پیش کئے گئے۔