نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہےکہ مغل بادشاہ نہیں ہوں کہ 10 سیاستدانوں اور 10 بیورو کریٹس کو قطار میں کھڑا کرکے گولیاں مار دوں۔ اعلیٰ سطح اجلاس کےبعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیرقانونی تارکین کیلئے کوئی جگہ نہیں، ان کو واپس بھیجا جائے گا۔یہ غیر قانونی انڈسٹری ہے، اس کے خلاف کارروائی ہوگی، جنہوں نے غیر قانونی سرمایہ کاری کی، ان کو نقصان اٹھانا پڑے گا۔ہماری توجہ گورننس پر ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ افغان پناہ گزینوں کی جانب سے اسمگلنگ پر قابو پانے کیلئے ہم نے پالیسی بنالی، جس کے اثرات جلد نظر آئیں گے، غیر رجسٹرڈ تارکین وطن کو جلد واپس بھیجا جائے گا، انہیں ہماری سرزمین پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ ڈالر اسمگلنگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جاچکی، سخت کریک ڈاؤن ہوگا۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کی قسطوں کا فیصلہ جلد ہوگا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی مارکیٹ سے جڑی ہیں۔ نیب ترامیم پر وزارت قانون کی رائے پر فیصلہ کریں گے، جو بھی ہوگا آپ کو بتائیں گے۔