کراچی:ملک بھر میں یوم عاشور 10 محرم الحرام کو نہایت عقیدت و احترام سے منایاگیا۔کراچی سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں شبیہ علم، شبیہ ذوالجناح اور تعزیہ کے جلوس برآمد اور مجالس عزا منعقدہ ہوئیںجن میں علما و ذاکرین نے اسلام کی سربلندی کی خاطر شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کا ذکر کیا۔مساجد اور دیگر مقامات پر بھی یوم عاشور کی مناسبت سے سیمینارز اور کانفرنسز منعقد کی گئیں جن میں علمائے کرام نے نواسہ رسولؓ اور ان کے رفقاء کی عظیم قربانی کو موضوع بنایا۔
علمائے کرام نے کہا کہ وقت کے یزید کے خلاف کھڑا ہونا شہادت امام حسین کا پیغام ہے‘ نواسہ رسولؓ کی دینی غیرت و حمیت نے نظام خلافت کا ملوکیت میں تبدیل ہونا برداشت نہ کیا‘واقعہ کربلا نے مظلوم کو باطل کے خلاف لڑنے کا حوصلہ دیا‘امام حسینؓ نے یزید جیسے جابر فاسق اور بے دین شخص کی بیعت نہیں کی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے یوم عاشور پر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے جبکہ موبائل سروس جزوی معطل رکھی گئی بعض علاقوں میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائدکی گئی۔
علاوہ ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یوم عاشور سے متعلق اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ واقعہ کربلا اور امام حسینؓ کی شہادت امت مسلمہ کیلیے عظیم درس ہے، موجودہ دور میں ہمیں واقعہ کربلا سے سبق سیکھتے ہوئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے ظلم و جبر اور باطل قوتوں کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔ حضرت امام حسین نے شدید دباو¿ اور مشکلات کے باوجود ظالم اور جابر حکمران کے خلاف کلمہ ِحق بلند کیا۔ آپؓ اور آپؓ کے ساتھیوں نے اسلامی اقدار کے تحفظ کیلیے جرات مندانہ موقف اپنایا اور ظلم اور ناانصافی کے خلاف ڈٹ گئے۔ آپؓ نے امت مسلمہ کو ظلم کے خلاف آواز اٹھانے اور آزمائشوں کے سامنے ثابت قدم رہنے کا درس دیا۔