رپورٹ: کلثوم جہاں (کراچی)
کراچی میں سپورٹنگ فیوچر اسٹارز پروگرام کے تحت تقریب منعقد کی گئی جس میںراشد لطیف کرکٹ اکیڈیمی کے بچوں میں کٹ بیگز تقسیم کئے گئے۔تقریب میں امریکی قونصل خانے کی آفیسراینا ماریہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔کراچی میں ہونے والی تقریب میں اوور 40 ورلڈ ایونٹ میں شریک امریکی کرکٹ ٹیم کے اسپانسرز “دی میڈیکل سنٹر ٹیکساس” کی جانب سے راشد لطیف کرکٹ اکیڈیمی کے 60 بچوں میں “سپورٹنگ فیوچر اسٹارز” کے تحت کٹ بیگ تقسیم کئے گئے۔
اس موقع پر تقریب کی مہمان خصوصی امریکی قونصل خانے کی پبلک ڈپلومیسی آفیسر اینا ماریہ نے شرکاء سے خطاب میں کرکٹ کے کھیل میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہامریکی ٹیم کی جانب سے نوجوانوں کی مدد قابل ستائش جذبہ ہے ۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے اسپانسرز اور امریکی کرکٹ ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔تقریب سے امریکی ٹیم کے کپتان محمد فرخ، کھلاڑی جان نثار خان، پاکستان ویٹرن کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین فواد اعجاز خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔