سندھ کے “کچے” میں “پکے” آپریشن کی تیاریاں۔۔۔! فوج اُتارنے کا فیصلہ

نگراں سندھ کابینہ نے کچے میں فوجی آپریشن کا فیصلہ کرلیا۔پولیس، رینجرز بھی حصہ ہوگی۔نگراں وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر کی صدارت کابینہ اجلاس میں کچے کے علاقے میں انٹرنیٹ کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا۔

نگراں وزیراعلیٰ نے آئی جی سندھ کو اسٹریٹ کرائم کے خلاف فیصلہ کُن آپریشن کا حکم دیا۔ آئی جی سندھ نے بتایا کہ 2023ء میں 218 لوگ اغوا ہوئے، 207 بازیاب، 11 تاحال یرغمال ہیں۔اس موقع پر نگراں وزیراعلیٰ نے مغویوں کی فوری بازیابی کی ہدایت کردی۔آئی جی نے مزید بتایا کہ کچے میں 238 دیہات، 8 پولیس اسٹیشن اور20 چیک پوسٹ ہیں۔

مقبول باقر نے کہا کہ کچے میں اچھی شہرت کے حامل پولیس افسران اور اہلکار تعینات کئے جائیں، ناقص کارکردگی کے حامل افسران کو فوری تبدیل کیا جائے، 11 مغویوں سے متعلق جلد رپورٹ کریں۔اجلاس میں کراچی میں رینجرز کی مزید 6 ماہ تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی، رینجرز فروری 2024 تک موجود رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں