پی آئی اے کی سال 2023 کے پہلے 6 ماہ کی رپورٹ آگئی، پہلی ششماہی میں قومی ایئر لائن کے نقصانات 60 ارب 71 کروڑ سے تجاوز کرگئے۔ رپورٹ کے مطابق سال 2022 کے پہلے 6 ماہ میں نقصانات 41.31 ارب روپے رہے۔
سال 2023 کے پہلے 6 ماہ میں روپے کی قدر میں کمی سے 27.45 ارب روپے کے نقصانات ہوئے۔ 2022 کے پہلے 6 ماہ میں ایکسچینج کے نقصانات 13.85 ارب روپے تھے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال کی پہلی ششماہی میں ماہ میں فیول اور آئل کی مد میں 48.34 ارب روپے خرچ ہوئے جبکہ سال 2022 کے پہلے 6 ماہ میں فیول اور آئل کی مد میں 30.78 ارب روپے خرچ ہوئے تھے۔
اسی طرح رواں سال کے ابتدائی چھ ماہ میں فنانس کی لاگت 36.82 ارب روپے رہی جبکہ سال 22 کے پہلے 6 ماہ میں فنانس کی لاگت 21.11 ارب روپے تھی۔
سال 2023 کے پہلے 6 ماہ میں مجموعی ریونیو 120 ارب 27 کروڑ روپے جمع ہوا، گزشتہ سال کے 6 ماہ کے مقابلے سال 2023 کے پہلے 6 ماہ میں 11.25 ارب روپے کے اضافی ریونیو حاصل ہوئے۔