لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس کو واپس لانا چاہ رہے ہیں وہ قوم کا مجرم ہے۔لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نوازنے کہا کہ حکومت پانچ سال ہرصورت پورے کرے گی ، کسی نے رخنہ ڈالا تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، یہ کون ہیں جن کو ترقی اچھی نہیں لگ رہی۔
مریم نواز کا کہنا تھا سپریم کورٹ کے فیصلے پر حیرت ہے، وہ کچھ عطا کر دیا جو مانگا ہی نہیں، کہا جارہا ہے 15 دن میں تحریک انصاف کو جوائن کرو، جس کو واپس لانا چاہتے ہیں وہ قوم کا مجرم ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا آئی ایم ایف کو واپس لانے والا وہی ہے جو اڈیالہ جیل میں اپنے کیے کی سزا بھگت رہا ہے، کس نے نہیں دیکھا انہوں نے ملک کو آگ ، شہدا کی یادگاروں پر حملہ کیا، عدالت کو یہ سب نظر نہیں آرہا، ایک حکومت ملک کو مستحکم کر رہی ہے تو اسے چلنے دو، عوام اپنے کان اور آنکھیں کھلی رکھیں، اب مزید برداشت نہیں کریں گے اور نہ کرنا چاہیے۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک شخص کو لانے کے لیے سپریم کورٹ کے ججوں نے آئین کو ری رائٹ کر دیا، سپریم کورٹ کے ججوں کو کہنا چاہتی ہوں کہ ملک کو چلنے دیں۔ان کا کہنا تھا کہا جاتا ہے کہ ضمیر کے مطابق فیصلے کرتے ہیں، فیصلے ضمیر کے مطابق نہیں آئین کے مطابق ہونے چاہئیں، آپ نے اپنا ضمیر بیچا ہوا ہے تو ہم کیا کریں۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا ایک دفعہ مہنگائی ہو جاتی ہے تو اس کو واپس لانا مشکل کام ہے، شہباز شریف مہنگائی پر قانو پانے کے لیے مشکل فیصلے کر رہے ہیں، ہمیں ترقی کرتا ہوا پاکستان نہیں ملا، ہمیں تنزلی کی طرف جاتا ہوا پاکستان ملا تھا، جو کچھ بھی ہم کر سکتے ہیں کر رہے ہیں اور کریں گے۔