اسلام آباد:اسلام آبد میں پاکستان تحریک انصاف نے دفتر سیل کیے جانے کے بعد اسی جگہ میدان میں ٹینٹ لگاکر اجلاس کیا ہے۔ اجلاس میں سی ڈی اے اور پولیس کے خلاف قانونی چارہ جوئی سے متعلق بھی مشاورت بھی کی گئی اورسی ڈی اے کے اقدام کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کیاگیا ۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی کے دفتر کے خلاف کارروائی کو سی ڈی اے کی کارروائی کو یلغار قرار دیتے ہوئے کہا کہ واضح کرنا چاہتے ہیں ہم پر امن ہیں۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہاکہ عامر مغل کو رات کو پولیس گردی کا نشانہ بنایا گیا، ایڈووکیٹ علی بخاری اور ہم نے رات کو عامر ڈوگر کو ریکور کیا، آج ہم پر دہشت گردی کے پرچے درج ہوگئے۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ یہ سیاسی طور پر تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کرسکتے، اب طاقت کا استعمال کررہے ہیں، فسطائیت اور جبر کا نظام آخری ہچکولے کھارہا ہے۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ نے بغیر نوٹس رات کے اندھیرے میں آپریشن کرکے، پی ٹی آئی کا دفتر فتح کرلیا۔عمر ایوب نے سی ڈی اے آپریشن کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے کی کارروائی کی مذمت کرتے ہیں، میرا اور بیرسٹر گوہر کا استحقاق مجروح ہوا ہے، یہ معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھائیں گے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصافے مرکزی سیکرٹریٹ پر کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے انسداد تجاوزات آپریشن کرتے ہوئے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ کا ایک حصہ گرا دیا اور دفتر سیل کردیا۔ متعلقہ سیکرٹریٹ سے متعلق دستاویز کے مطابق پلاٹ سرتاج نامی شخص سے 7 جولائی 2020 کو تحریک انصاف کے نام منتقل ہوا، سابق سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی ارشد داد نے قانونی کارروائی مکمل کرائی، ٹرانسفر لیٹر پر سی ڈی اے حکام کے دستخط بھی موجود ہیں۔