آئی ایم ایف نے بجلی نرخ میں کمی کی درخواست پر نگراں حکومت سے تحریری پلان مانگ لیا، آئی ایم ایف اور پاکستانی حکام کے درمیان ورچوئل مذاکرات ہوئے، جس میں چیئرمین ایف بی آر اور دیگر شریک ہوئے۔ نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر نے آئی ایم ایف نمائندہ ایسٹر پیریز سے رابطہ کرکے بجلی بلوں میں ریلیف کیلئے تجاویز پیش کیں اور بجلی بلوں میں اضافے کےبعد پیدا صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ مذاکرات میں آئی ایم ایف حکام کی جانب سے بجلی بلوں میں ریلیف کی صورت میں ٹیکس وصولیوں سے متعلق سوالات اٹھائے گئے، ایف بی آر سے جولائی میں حاصل ٹیکس وصولی پر بریفنگ لی۔ ایف بی آر حکام نے آگاہ کیا کہ رواں مالی سال 2023-24ء کیلئے مقرر کردہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرلیا جائے گا۔آئی ایم ایف حکام نے پوچھا کہ بجلی بلوں میں ریلیف دیا تو ٹیکس وصولیوں میں ہونے والی کمی کہاں سے پوری ہوگی۔